مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست اتر پردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور طوفان کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے جبکہ 117 مکانات کو نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق شدید بارش اور طوفان سے ریاست کے 63 اضلاع متاثر ہوئے، جبکہ ہفتے تک ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں معمول سے 19 گنا زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
نیپال میں بھی حکام کے مطابق ضلع باگ لونگ کے نیشی کھولا گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک گھر ملبے تلے دب گیا، جس کے نتیجے میں سوئے ہوئے 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب شمالی ضلع مانانگ میں 7 ہزار 126 میٹر بلند ہملنگ ہمال کے بیس کیمپ کو برفانی تودہ گرنے سے نقصان پہنچا، جس کے بعد وہاں موجود 10 نیپالی کارکن لاپتا ہوگئے۔ یہ کارکن غیر ملکی کوہ پیماؤں کے لیے خیمے نصب کر رہے تھے، تاہم برفانی تودہ گرنے کے وقت غیر ملکی کوہ پیما وہاں موجود نہیں تھے۔
نیپالی حکام نے ملک کے 77 میں سے 49 اضلاع میں اچانک سیلاب آنے کے امکان سے خبردار کیا ہے، کیونکہ بڑے دریاؤں اور ان کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔
دریائے راہو گنگا میں سیلاب کے باعث 40 میگاواٹ کے پن بجلی منصوبے سے منسلک بجلی کی ترسیلی لائنوں کے ڈھانچوں اور بنیادوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ایک تکنیکی ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ